لاہور: انسدادِ دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں سوشل میڈیا ایکٹوسٹ فلک جاوید کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
سماعت کے دوران ملزمہ کے وکیل اور سرکاری وکیل نے اپنے دلائل مکمل کیے، جبکہ پراسیکیوشن کی جانب سے فلک جاوید سے متعلق مقدمے کا ریکارڈ بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی۔ فلک جاوید کی جانب سے ان کے وکیل اظہر سلہری ایڈووکیٹ ضمانت کے حق میں دلائل دینے کے لیے پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ ملزمہ کو مقدمے میں تقریباً تین سال کی تاخیر سے گرفتار کیا گیا۔وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ فلک جاوید بے گناہ ہیں اور ان کے خلاف عائد الزامات درست نہیں، لہٰذا انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمہ کی درخواست ضمانت منظور کی جائے۔دوسری جانب سرکاری وکیل نے درخواست ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے اپنے دلائل مکمل کیے۔ پراسیکیوشن نے ملزمہ کی حد تک مقدمے کا ریکارڈ بھی عدالت میں پیش کیا۔
تفتیشی افسر کے الزامات
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ فلک جاوید جناح ہاؤس حملہ کیس میں ملوث ہیں۔ ان کے مطابق جناح ہاؤس حملے کا مقدمہ تھانہ سرور روڈ میں درج ہے، جس کا نمبر 96/23 ہے۔تفتیشی افسر کے مطابق مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں پر کارکنوں کو جلاؤ گھیراؤ پر اکسانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ پولیس کا مؤقف ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے مبینہ طور پر منصوبہ بندی کے تحت جناح ہاؤس پر حملہ کیا، جبکہ مقدمے میں بغاوت سمیت دیگر سنگین جرائم کی دفعات بھی شامل ہیں۔