جناح ہاؤس حملہ کیس، فلک جاوید کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع

جناح ہاؤس حملہ کیس، فلک جاوید کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار پی ٹی آئی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ فلک جاوید کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کر دی۔

 عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزمہ کو دوبارہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دے دیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں فلک جاوید کو جوڈیشل ریمانڈ کی مدت مکمل ہونے پر جیل سے لا کر پیش کیا گیا۔ سماعت کے دوران پولیس کی جانب سے ملزمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی گئی۔تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ فلک جاوید جناح ہاؤس حملہ کیس میں ملوث ہیں اور ان کے خلاف مقدمے کا ضمنی چالان تیاری کے مراحل میں ہے۔پولیس نے عدالت سے استدعا کی کہ ضمنی چالان مکمل کرکے پیش کرنے کے لیے مزید مہلت دی جائے اور ملزمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔

عدالت کا پولیس کی استدعا پر فیصلہ
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فلک جاوید کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کر دی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے کیس کی سماعت کی اور پولیس کو ضمنی چالان سے متعلق قانونی کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کے ساتھ ملزمہ کے ریمانڈ میں توسیع کا حکم جاری کیا۔