زمان پارک میں اسلام آباد پولیس پر حملے سے متعلق مقدمے میں صنم جاوید کی بہن فلک جاوید کی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر انسدادِ دہشت گردی عدالت میں سماعت ہوئی۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ملک عابد حسین نے کیس کی سماعت کی، جہاں پراسیکیوشن کی استدعا پر مقدمے کا ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مہلت دے دی گئی اور سماعت 10 اگست تک ملتوی کر دی گئی۔عدالت نے آئندہ سماعت پر سرکاری وکیل سے ضمانت کی درخواست پر دلائل طلب کرتے ہوئے پراسیکیوشن کو مقدمے کا مکمل ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا۔دورانِ سماعت فلک جاوید کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزمہ خاتون ہیں، تفتیش مکمل ہو چکی ہے اور انہیں مزید جیل میں رکھنے کا جواز نہیں بنتا، اس لیے ضمانت پر رہائی دی جائے۔دوسری جانب سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ فلک جاوید زمان پارک میں اسلام آباد پولیس افسران پر حملے کے مقدمے میں نامزد ہیں اور پولیس کے مطابق ان سے پیٹرول بم بھی برآمد ہوا تھا۔