لاہور: پاکستان سپر لیگ کے بارہویں ایڈیشن کے لیے ڈائریکٹ سائننگ کا مرحلہ مکمل ہوگیا، جس میں آسٹریلیا کے جارح مزاج بیٹنگ آل راؤنڈر میتھیو شارٹ سب سے مہنگے کھلاڑی قرار پائے۔
راولپنڈیز نے انہیں 9 کروڑ 15 لاکھ روپے میں سائن کرلیا، جبکہ دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور رنرز اپ حیدرآباد کنگزمین نے ڈائریکٹ سائننگ کے مرحلے میں کسی کھلاڑی کو منتخب نہیں کیا۔پی ایس ایل 12 کی ڈائریکٹ سائننگ میں مختلف فرنچائزز نے اپنی ٹیموں کو مضبوط بنانے کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کیں۔ راولپنڈیز نے آسٹریلوی آل راؤنڈر میتھیو شارٹ کو سب سے بڑی رقم ادا کرتے ہوئے اپنی ٹیم کا حصہ بنایا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر لوکی فرگوسن کو 7 کروڑ 63 لاکھ روپے میں سائن کیا، جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے نیوزی لینڈ ہی کے فاسٹ بولر میٹ ہینری کی خدمات 7 کروڑ 7 لاکھ روپے میں حاصل کیں۔
اسی طرح لاہور قلندرز نے سری لنکا کے بیٹنگ آل راؤنڈر کمیندو مینڈس کو 6 کروڑ 38 لاکھ روپے میں سائن کیا۔ کراچی کنگز نے انگلینڈ کے تجربہ کار لیگ اسپنر عادل رشید کو 6 کروڑ 20 لاکھ روپے جبکہ ملتان سلطانز نے آسٹریلوی فاسٹ بولر لانس مورس کو 5 کروڑ 50 لاکھ روپے میں اپنی ٹیم میں شامل کرلیا۔ڈائریکٹ سائننگ کا مرحلہ مکمل ہونے کے باوجود پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگزمین نے کسی کھلاڑی کو براہ راست سائن نہیں کیا۔ دونوں فرنچائزز نے اپنے اسکواڈز کی تشکیل کے لیے کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے، ٹریڈز اور پلیئر آکشن کے مراحل پر انحصار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ایس ایل 12 کے قواعد کے مطابق ہر فرنچائز زیادہ سے زیادہ سات کھلاڑی برقرار رکھ سکے گی، جن میں ڈائریکٹ سائننگ کے ذریعے حاصل کیے گئے کھلاڑی بھی شامل ہوں گے۔ کھلاڑیوں کو برقرار رکھنے کی آخری تاریخ 13 جنوری 2027 مقرر کی گئی ہے۔
سیلری کیپ اور آکشن کے قواعد
پی ایس ایل 12 کے لیے ہر فرنچائز کا ابتدائی سیلری کیپ 45 کروڑ روپے مقرر کیا گیا ہے۔ تاہم نئی ڈائریکٹ سائننگ کرنے یا گزشتہ سال کی ڈائریکٹ سائننگ کو برقرار رکھنے کی صورت میں یہ حد بڑھ کر 50 کروڑ 50 لاکھ روپے ہوجائے گی۔قواعد کے تحت ہر فرنچائز کو پلیئر آکشن میں کم از کم 36 کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ کرنا لازمی ہوگا۔ اس رقم کے تحت ٹیمیں آکشن میں دستیاب کھلاڑیوں کو منتخب کرکے اپنے اسکواڈ کی ضروریات پوری کرسکیں گی۔
پی ایس ایل 12 کا افتتاح پشاور میں ہوگا
پاکستان سپر لیگ کے بارہویں ایڈیشن کی ایک اہم خصوصیت یہ ہوگی کہ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ پہلی مرتبہ پشاور میں کھیلا جائے گا۔ ایونٹ کے مکمل شیڈول کا اعلان آئندہ ہفتوں میں متوقع ہے، جس کے بعد میچز کے مقامات اور تاریخوں سے متعلق تفصیلات سامنے آئیں گی۔