پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آئندہ دو سالوں کے لیے ٹائٹل اسپانسر کا فیصلہ ہو گیا ہے۔
اس اہم اعلان کے مطابق، ایچ بی ایل پی ایس ایل کا اسپانسر بنے گا۔ کراچی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران، پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے اس حوالے سے تفصیلات فراہم کیں۔انہوں نے بتایا کہ جب لیگ کا آغاز ہوا تھا، اس وقت لوگوں کا اعتماد کم تھا اور دلچسپی محدود تھی۔ صرف چند ہی لوگوں نے اس پروڈکٹ میں دلچسپی ظاہر کی، اور چند پارٹیوں نے ٹیمیں خریدیں۔سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ شروع میں بعض لوگوں نے لیگ کو بدنام کرنے کی کوششیں کیں، مگر پھر بھی لیگ آگے بڑھتی رہی۔
کووڈ-19 کے دوران بھی اسے کامیابی سے مکمل کیا گیا، اور اب دس سال کا معاہدہ مکمل ہونے کے بعد اس کی ویلیو ایشین کے تحت دوبارہ اندازہ لگایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ پچھلے معاہدے کے مقابلے میں اس نئے معاہدے میں 505 فیصد اضافہ ہوا ہے، اور ایچ بی ایل نے اس معاہدے پر اتفاق کیا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ لیگ کی اہمیت اور قدر میں خاطرخواہ اضافہ ہوا ہے۔