اسلام آباد ہائیکورٹ نے بیریئر ہٹانے کے کیس میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو سنائی گئی سزا کے خلاف دائر اپیلوں پر نوٹس جاری کرتے ہوئے متعلقہ فریقین سے جواب طلب کرلیا۔
جسٹس انعام امین منہاس اور جسٹس ایاز شوکت پر مشتمل اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ نے اپیلوں پر تحریری حکم نامہ جاری کیا۔ سماعت کے دوران ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی جانب سے وکلا ریاست علی آزاد، زینب جنجوعہ اور آصف علی تمبولی ایڈووکیٹ نے پیروی کی۔اپیل کنندگان نے انسدادِ دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) کی جانب سے سنائی گئی سزا کو چیلنج کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ اے ٹی سی نے 29 اکتوبر کو بیریئر ہٹانے کے کیس میں ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو دس، دس سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔
سزا کے خلاف دائر اپیلوں میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ٹرائل کورٹ کے فیصلے کا جائزہ لے کر اسے کالعدم قرار دیا جائے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے نوٹس جاری ہونے کے بعد اب متعلقہ فریقین اپنا جواب جمع کرائیں گے۔اپیلوں پر مزید کارروائی کے دوران عدالت فریقین کے مؤقف اور دستیاب ریکارڈ کا جائزہ لے گی۔