یوکرین کےفضائی دفاعی نظام نے روس کی جانب سے داغے گئے پانچ بیلسٹک میزائل کامیابی سے تباہ کر دیے، جبکہ متعدد ڈرونز اور دیگر میزائل دارالحکومت کیف تک پہنچنے میں کامیاب رہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین کی فضائیہ کا کہنا ہے کہ تقریباً دو ہفتوں میں یہ پہلا موقع ہے جب روسی بیلسٹک میزائلوں کو روکنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ بیلسٹک میزائلوں کو ڈرونز یا کروز میزائلوں کے مقابلے میں روکنا زیادہ مشکل سمجھا جاتا ہے۔رپورٹس کے مطابق یوکرین نے ان حملوں کو ناکام بنانے کے لیے ممکنہ طور پر امریکی ساختہ پیٹریاٹ زمین سے فضا میں مار کرنے والے دفاعی نظام کا استعمال کیا، جسے بیلسٹک میزائلوں کے خلاف مؤثر ترین دفاعی نظاموں میں شمار کیا جاتا ہے۔کیف کے میئر وٹالی کلِٹسکو کے مطابق حملوں کے نتیجے میں شہر کے دو گوداموں میں آگ لگ گئی، جبکہ ایک اسکول کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔دوسری جانب روسی وزارتِ دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ حملوں کا ہدف کیف میں واقع وہ عسکری صنعتی تنصیبات تھیں جہاں طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل اور ڈرون تیار کیے جاتے ہیں۔
یوکرین کی فضائیہ کے مطابق ایک بیلسٹک میزائل اور 25 ڈرونز مختلف حملوں میں 17 مقامات کو نشانہ بنانے میں کامیاب ہوئے، جبکہ 10 دیگر مقامات پر تباہ شدہ میزائلوں اور ڈرونز کا ملبہ گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔روس اور یوکرین کے ان متضاد دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے، جبکہ جنگ کے باعث دونوں ممالک کی جانب سے جاری ہونے والی معلومات کی آزادانہ توثیق اکثر مشکل رہتی ہے۔