ریاض: یمن میں حوثیوں نے سعودی عرب کے جنوبی شہروں کی جانب تازہ بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں، تاہم حملوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
سعودی قیادت میں قائم اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق حوثیوں نے خمیس مشیط، ابہا اور جازان کی جانب متعدد بیلسٹک میزائل اور ڈرون داغے۔ترجمان نے کہا کہ اتحادی افواج سعودی عرب کی خودمختاری، قومی تنصیبات اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ان حملوں کا مناسب جواب دیں گی۔یہ حملے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب یمن میں حوثیوں اور سعودی حمایت یافتہ حکومتی فورسز کے درمیان لڑائی میں شدت آگئی ہے۔ حوثیوں نے حالیہ دنوں میں سعودی عرب کے جنوبی علاقوں میں توانائی اور فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا ہے۔
دوسری جانب سعودی حمایت یافتہ فورسز یمن میں حوثیوں کے خلاف جوابی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ تازہ کشیدگی کے باعث بحیرہ احمر اور باب المندب کی اہم بحری گزرگاہوں کی سکیورٹی کے حوالے سے بھی خدشات بڑھ گئے ہیں۔یمن میں گزشتہ ہفتے سے جاری نئی لڑائی میں 500 سے زائد افراد کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، تاہم مختلف فریقوں کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔