اوگرا نے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ،عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی، امریکی ذخائر میں اضافہ
اسلام آباد ( خصوصی رپورٹ) اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا اعلان کردیا ہے۔ پٹرولیم ڈویڑن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں چار روپے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل بھی پانچ روپے فی لیٹر سستا کردیا گیا ہے۔ پٹرول کی نئی قیمت 314 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 348 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق 26 نومبر کی رات 12 بجے سے ہوگا۔ امریکا میں خام تیل اور ایندھن کے ذخائر میں اضافے کی اطلاعات کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، تاہم امریکا اور ایران کے درمیان جاری حملوں اور آبنائے ہرمز کے راستے تیل کی ترسیل میں رکاوٹوں کے باعث قیمتوں میں کمی محدود رہی۔ رپورٹ کے مطابق امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 56 سینٹ یعنی 0.65 فیصد کمی کے بعد 85.45 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ برینٹ خام تیل کی قیمت بھی 16 سینٹ یعنی 0.17 فیصد کمی کے بعد 92.98 ڈالر فی بیرل پر آگئی۔ مارکیٹ ذرائع نے منگل کو امریکی پٹرولیم انسٹی ٹیوٹ کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 13 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران امریکا کے خام تیل کے ذخائر میں 52 لاکھ 80 ہزار بیرل کا اضافہ ہوا۔ اسی عرصے میں پٹرول کے ذخائر 51 لاکھ 20 ہزار بیرل بڑھ گئے، جبکہ ڈیزل اور دیگر کشید شدہ ایندھن کے ذخائر میں تین لاکھ 51 ہزار بیرل کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ امریکا میں تیل اور ایندھن کے ذخائر بڑھنے سے رسد کے حوالے سے خدشات میں کمی آئی، جس کے نتیجے میں عالمی منڈی میں قیمتوں پر اثر پڑا۔