خواتین اور بچوں کے تحفظ سے متعلق قوانین میں مزید اصلاحات متعارف کرانے کا فیصلہ

خواتین اور بچوں کے تحفظ سے متعلق قوانین میں مزید اصلاحات متعارف کرانے کا فیصلہ

لاہور: پنجاب حکومت نے خواتین اور بچوں کے تحفظ سے متعلق موجودہ قوانین کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے اور قانونی نظام میں مزید اصلاحات متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا۔

 وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر قائم لاء ریفارمز کوآرڈینیشن کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا، جس میں خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے موجودہ قانونی و ریگولیٹری نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کی صدارت معاون خصوصی برائے قانون و پبلک پراسیکیوشن رانا بلال احمد نے کی۔ اجلاس میں خواتین اور بچوں کو تشدد، ہراسانی، استحصال اور دیگر سماجی مسائل سے محفوظ رکھنے کے لیے موجودہ قوانین میں بہتری لانے سے متعلق مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ خواتین اور بچوں کے تحفظ سے متعلق قوانین کو موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق مؤثر بنایا جائے گا اور قانونی و انتظامی نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے لیے مزید اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی۔معاون خصوصی برائے قانون و پبلک پراسیکیوشن رانا بلال احمد نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے تحفظ کے معاملے پر زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشرے کے کمزور طبقات کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے لیے قانون سازی کے ساتھ عملی اقدامات بھی ضروری ہیں۔

چیئرپرسن پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے کو خواتین اور بچوں کے لیے محفوظ بنانے کے لیے تمام متعلقہ ادارے ایک پیج پر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کم عمر بچوں کو ممکنہ جنسی استحصال سے محفوظ رکھنے اور انہیں اچھے اور برے لمس میں فرق سمجھانے کے لیے گڈ ٹچ، بیڈ ٹچ (Good Touch, Bad Touch) آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے۔حنا پرویز بٹ کے مطابق بچوں کو ابتدائی عمر سے ہی ذاتی تحفظ اور نامناسب رویوں کے بارے میں آگاہی دینا انتہائی ضروری ہے تاکہ وہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی نشاندہی کر سکیں اور بروقت مدد حاصل کر سکیں۔سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے بھی آگاہی مہم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے خواتین اور بچوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون سے تحفظ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔

اجلاس میں چیئرپرسن پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ، سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سیکرٹری قانون آصف بلال لودھی، سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ پنجاب ڈاکٹر ساجد محمود چوہان اور سیکرٹری پبلک پراسیکیوشن مسرت جبین نے شرکت کی۔اس کے علاوہ ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب کامران خان، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب محمد علی نیکوکارہ، ڈی آئی جی کامران عادل، ندا علی، ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) اور دیگر متعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔