مریم نواز کا خواتین اور بچوں کے تحفظ کیلئے نیا اینٹی ریپ ایکٹ متعارف کرانے کا فیصلہ

مریم نواز کا خواتین اور بچوں کے تحفظ کیلئے نیا اینٹی ریپ ایکٹ متعارف کرانے کا فیصلہ

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کے مقدمات کی فوری سماعت اور مقررہ مدت میں فیصلوں کو یقینی بنانے کے لیے سپیڈی کورٹس قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

 وزیراعلیٰ نے خواتین اور بچوں سے زیادتی کے واقعات کی روک تھام، متاثرین کو فوری انصاف کی فراہمی اور ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے نیا اینٹی ریپ ایکٹ لانے کی بھی ہدایت کردی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خواتین اور بچوں کے تحفظ سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کی روک تھام، تفتیشی عمل میں بہتری اور قانونی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ نے خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم میں سزا کی کم شرح پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مقدمات کی مؤثر تفتیش اور پراسیکیوشن کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے پولیس افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے اور مؤثر انویسٹی گیشن کے لیے کیپسٹی بلڈنگ پر زور دیا۔ اجلاس میں کوالٹی آف انویسٹی گیشن اور پراسیکیوشن بہتر بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے معاونت حاصل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، جبکہ خواتین اور بچوں سے متعلق مقدمات میں آڈیو اور ویڈیو شہادتوں کی مؤثر ریکارڈنگ کا فیصلہ بھی کیا گیا۔اجلاس کے دوران آئی جی پنجاب نے خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کی صورتحال اور حکومتی اقدامات سے متعلق رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ کے مطابق پولیس اسٹیشنز میں خواتین سے متعلق 12 لاکھ 40 ہزار شکایات درج کی گئیں، جبکہ ویمن ورچوئل پولیس اسٹیشن میں ایک لاکھ 25 ہزار شکایات موصول ہوئیں، جن میں سے 92 فیصد پر کارروائی مکمل کرلی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ورچوئل سنٹر برائے چائلڈ سیفٹی کے ذریعے 70 ہزار گمشدہ اور اغوا شدہ بچوں کو بازیاب کرایا گیا، جبکہ 4 ہزار خصوصی بچوں کو بحفاظت ان کے گھروں تک پہنچایا گیا۔ بچوں سے زیادتی کے 7 ہزار 588 کیسز حل کیے جاچکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق خواتین اور بچوں سے زیادتی کے 71 فیصد واقعات میں متاثرین کے قریبی افراد ملوث پائے گئے۔اجلاس میں خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کی روک تھام کے لیے پیشگی اقدامات، مؤثر قانون سازی اور معاشرتی شعور و آگاہی بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سرگودھا میں جرائم پیشہ افراد کے گینگ کے خاتمے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی پنجاب، آر پی او، ڈی پی او سرگودھا اور سی ٹی ڈی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں شاباش دی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ خواتین اور بچے معاشرے کا حساس طبقہ ہیں، ان کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔ زیادتی کے واقعات میں ملوث ملزمان کو سزا دلوانے کے لیے مؤثر قانون سازی کی جائے گی اور مقدمات کے فیصلوں میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کے سدباب کے لیے قانونی اقدامات کے ساتھ ساتھ معاشرتی شعور اور آگاہی پیدا کرنا بھی ضروری ہے۔