حکومتِ پنجاب نے صوبہ بھر کے مزارات پر آن لائن عطیات اور لنگر کی شفاف تقسیم کے لیے ایک جدید ڈیجیٹل ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکام کے مطابق اس ایپ کو مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا اور یہ اقدام حکومت کی ڈیجیٹائزیشن پالیسی کے مطابق ہے، جس کا مقصد شفافیت، بہتر کارکردگی اور عوامی سہولت میں اضافہ کرنا ہے۔پہلے مرحلے میں مزار حضرت علی ہجویریؒ (داتا دربار) اور مزار حضرت بی بی پاک دامن کے لیے علیحدہ ایپس تیار کی جائیں گی۔ ان مزارات پر منصوبے کا پائلٹ آغاز کیا جائے گا اور کامیابی کی صورت میں اسے دیگر مزارات تک بھی توسیع دی جائے گی۔اس کے علاوہ داتا دربار اسپتال کے ساتھ ملحقہ پارکنگ ایریا میں طویل المدتی مالی خود کفالت کے لیے ایک کمرشل اسکیم تعمیر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔یہ ہدایات سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور زون میں اوقاف اراضی کی نیلامی کا عمل 30 اپریل تک مکمل کیا جائے اور کیش بکس آمدن، بقایا جات کی وصولی، اوقاف جائیدادوں سے متعلق عدالتی کیسز اور دیگر زیر التوا معاملات جلد نمٹائے جائیں۔
ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ صوفیائے کرام کی خانقاہیں ہمیشہ علم، محبت اور رواداری کے مراکز رہی ہیں اور انہوں نے برصغیر میں اپنے آفاقی پیغام کے ذریعے مختلف مذاہب اور طبقات کے لوگوں کو جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مزارات پر ڈیجیٹل کیش بکس کا پائلٹ پراجیکٹ کامیاب نہیں ہوسکا کیونکہ بینک کی جانب سے نصب مشینیں پرانے یا کٹے پھٹے نوٹ قبول نہیں کرتی تھیں جس سے زائرین کو نذرانہ دینے میں مشکلات پیش آتی تھیں۔