عیدالفطر پر خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے پنجاب حکومت کا اہم اقدام

عیدالفطر پر خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے پنجاب حکومت کا اہم اقدام

وزیراعلیٰ مریم نواز نے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے ایک منفرد اقدام اٹھایا ہے، جس کے تحت بازاروں اور تجارتی مراکز میں ویمن پولیس سکواڈ قائم کیا گیا ہے۔

 اس سکواڈ کا مقصد خواتین کو ہراساں کرنے اور ان کے ساتھ پیش آنے والے جرائم جیسے موبائل چھیننا، پریس چھیننا، یا ڈکیتی کی روک تھام کرنا ہے۔ویمن پولیس سکواڈ کی ٹیمیں پیدل، سائیکل اور موٹر سائیکل پر گشت کریں گی تاکہ بازاروں میں رش کے دوران خواتین اور بچوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ یہ سکواڈ سماج دشمن عناصر کی سرگرمیوں کی نگرانی کرے گا اور خواتین کو شکایت کرنے کی صورت میں فوری طور پر مدد فراہم کرے گا۔اس کے علاوہ، لاہور، راولپنڈی، سیالکوٹ، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور دیگر شہروں میں بھی خواتین کے تحفظ کے لیے اس سکواڈ کا گشت شروع کیا جا چکا ہے۔

 لاہور میں ڈولفن پولیس کے خصوصی سکواڈ کو بھی تعینات کیا گیا ہے، جنہیں مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کے قریب چوبیس گھنٹے گشت کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، کوئیک رسپانس سائیکل سکواڈ بھی لاہور کے 65 بڑے تجارتی مراکز پر تعینات کیا گیا ہے، جہاں خواتین اور بچوں کی حفاظت کی جائے گی۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس اقدام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خواتین اور بچوں کا تحفظ نہ صرف حکومت کی ذمہ داری ہے بلکہ یہ پوری سوسائٹی کا فرض ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بازاروں اور گلیوں میں خواتین کا تحفظ ہر صورت میں یقینی بنایا جائے گا تاکہ انہیں کسی قسم کے خوف یا ہراسگی کا سامنا نہ ہو۔