وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت پاسپورٹ نظام میں اصلاحات سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہریوں کے لیے سہولیات بہتر بنانے اور نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے متعدد فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں اصولی طور پر فیصلہ کیا گیا کہ پاسپورٹ اجرا کے نظام کو مرحلہ وار مکمل طور پر ای پاسپورٹ سسٹم میں منتقل کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق اس اقدام سے شفافیت میں اضافہ ہوگا اور جعلسازی اور فراڈ کے امکانات میں نمایاں کمی آئے گی۔مزید فیصلہ کیا گیا کہ پریمیم سروسز لینے والے شہریوں سے اضافی سہولت کے مطابق فیس وصول کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ اندرون و بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے پاسپورٹ ہوم ڈلیوری سروس متعارف کرانے کی ابتدائی تیاریاں بھی مکمل کر لی گئی ہیں۔
اجلاس میں یہ بھی اعلان کیا گیا کہ یکم جولائی سے ملک بھر کے پاسپورٹ دفاتر میں کیش لیس نظام نافذ کیا جائے گا، جبکہ آن لائن پاسپورٹ درخواستوں کو پاک آئی ڈی پلیٹ فارم پر منتقل کیا جائے گا تاکہ عمل مزید آسان اور ڈیجیٹل ہو سکے۔بزنس پاسپورٹ سے متعلق پالیسی کو بھی جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت جاری کی گئی، جبکہ ڈائریکٹر جنرل امیگریشن و پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے اجلاس میں اصلاحات پر تفصیلی بریفنگ دی۔