عراق کی کردستان میں فوجی پیش قدمی کی خبروں پر حکومت کی وضاحت سامنے آگئی

عراق کی کردستان میں فوجی پیش قدمی کی خبروں پر حکومت کی وضاحت سامنے آگئی

بغداد: عراق کی حکومت نے ملک کے شمالی کردستان خطے کی جانب فوجی دستوں کی پیش قدمی سے متعلق میڈیا رپورٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کا مقصد علاقے میں کشیدگی پیدا کرنا نہیں بلکہ شہریوں کے تحفظ اور ملکی خودمختاری کو یقینی بنانا ہے۔

عراقی حکومت کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ وزیراعظم علی الزیدی کی قیادت میں حکومت کردستان کے عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور فوجی کارروائیوں سے متعلق خبروں کو شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش قرار دیا ہے۔خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق عراقی میڈیا میں ایسی اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ وفاقی فوجی دستے ملک کے شمالی کردستان خطے کی جانب پیش قدمی کر رہے ہیں۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس اقدام کا مقصد تیل کی مبینہ اسمگلنگ روکنا اور غیر سرکاری سرحدی گزرگاہوں کو بند کرنا ہے۔عراقی حکومتی ترجمان حیدر العبودی نے ان خبروں کے حوالے سے کہا کہ حکومت ملک بھر میں تیل کی غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ تیل کی اسمگلنگ میں ملوث عناصر اور منظم نیٹ ورکس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی تاکہ قومی وسائل کے غیر قانونی استعمال کو روکا جا سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی کارروائیوں کا ہدف غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر ہیں، کردستان کے شہری نہیں۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ ملک کے تمام علاقوں میں قانون کی عمل داری یقینی بنانا وفاقی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔دوسری جانب عراقی سپریم کورٹ کے فیصلے نے وفاقی حکومت کے اختیارات سے متعلق بحث کو مزید اہم بنا دیا ہے۔ عدالت نے وفاقی حکومت کو کردستان سمیت عراق کی تمام بین الاقوامی سرحدوں پر وفاقی افواج تعینات کرنے کا اختیار دے دیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد بغداد اور کردستان کی علاقائی حکومت کے درمیان سرحدی انتظامات، تیل کی ترسیل اور اختیارات کی تقسیم سے متعلق اختلافات ایک مرتبہ پھر سامنے آگئے ہیں۔

عراق میں وفاقی حکومت اور کردستان کی علاقائی حکومت کے درمیان طویل عرصے سے تیل کی پیداوار، آمدنی کی تقسیم، برآمدات اور سرحدی گزرگاہوں کے انتظام کے معاملات پر اختلافات موجود ہیں۔ ان معاملات کے باعث دونوں حکومتوں کے درمیان انتظامی اور آئینی تنازعات بھی پیدا ہوتے رہے ہیں۔

حالیہ صورتحال کے تناظر میں بغداد اور اربیل کے حکام نے یکم دسمبر کو قومی مذاکرات منعقد کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ ان مذاکرات کا مقصد وفاقی اور علاقائی حکومت کے درمیان موجود آئینی و انتظامی اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنا اور سرحدی انتظامات سمیت دیگر اہم معاملات پر مشترکہ لائحہ عمل طے کرنا ہے۔