امیر ہو یا غریب، میرے لئے تمام مریض برابر ہیں، وہ مریض زیادہ اہمیت رکھتا ہے جس کے پاس علاج کے وسائل نہیں: فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں خطاب
سامان سر پر اٹھائے سکھ بھائی کو دیکھ کر فوراً ٹرالی فراہم کرنے کی ہدایت کی،ٹوٹی پھوٹی سڑکیں مجھے نظر آتی ہیں، تو محکمے کیوں نہیں دیکھتے ، خود بخود مرمت کیوں نہیں کی جاتی؟
مریم نواز کا ارکان اسمبلی سے ملاقات میں منظورشدہ پراجیکٹ پرفوری کام کرنے کا حکم ،وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر خوراک سلمیٰ بٹ کو آٹے کے نرخ میں کمی کا ٹارگٹ دے دیا
لاہور (سپیشل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے پنجاب کے عوام کو علاج معالجے کی سہولت ان کے اپنے شہروں میں فراہم کرنا ویڑن ہے، صوبے میں شعبہ صحت کی بہتری کیلئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں۔ صحت کے شعبے میں بہترین اقدامات کے باعث بیرون ممالک جانے والے ڈاکٹر واپس وطن آکر خدمات انجام دینے شروع ہو گئے ہیں ۔ وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا خواتین کو بااختیار بنائے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں، پاکستان کی مٹی بہت زرخیز ہے، ہماری بیٹیوں کو صرف تھوڑی سی سرپرستی اور مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے، بچیوں کی محنت اور والدین کی دعاؤں نے انہیں آج اس مقام تک پہنچایا ہے۔ امیر ہو یا غریب، میرے لئے تمام مریض برابر ہیں، بلکہ وہ مریض زیادہ اہمیت رکھتا ہے جس کے پاس علاج کے وسائل موجود نہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈاکٹروں کو جتنی تنخواہ دی جائے کم ہے، ایک ڈاکٹر اپنے آٹھ گھنٹوں میں وہ کام انجام دیتا ہے جو کوئی دوسرا نہیں کر سکتا، خواتین ڈاکٹرز کو سازگار اور محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔خواتین کے تحفظ کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ اگر کسی بچی کو ہراسانی کا سامنا ہو یا کوئی اسے بلیک میل کر رہا ہو تو فوری طور پر رپورٹ کرے، دریں اثناء وزیراعلیٰ مریم نوا کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 38 واں اجلاس ہوا اجلاس میں وزیراعلیٰ نے پنجاب میں پانچ ہزار الیکٹروبسیں چلانے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبائی وزیر خوراک سلمیٰ بٹ کو آٹے کے نرخ میں کمی کا ٹارگٹ دے دیا‘ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا عوام کی خدمت کے پراجیکٹس میں کامیابیوں پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجالاتے ہیں۔ گزشتہ دور حکومت کا موازنہ کرے تو عوام گھر سے نکلنے کے قابل بھی نہیں تھے۔مالی مشکلات کا شکار لوگوں کیلئے بنیادی ضروریات زندگی کو پورا کرنا بھی کاردشوار ہے۔ڈھائی لاکھ گھر بنانے کے خواب کو اللہ تعالیٰ نے تعبیر دی۔ انہوںنے کہا کہ پرویز ملک مرحوم کے حلقے میں شکست کے خوف سے امیدوار دستبردار کرالیا گیا۔ ہم ڈھائی سال بعد سڑکوں پر نکلے تو لوگوں نے پھول برسائے۔ راولپنڈی میں لوگ اظہار تشکر کرتے ہوئے ،قرآن پاک کا تحفہ پیش کرتے رہے۔ خدمت کے مشن کو قبول کرنے اور پذیرائی بخشنے پر عوام کو کریڈٹ دیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نوا زشریف نے کہا کہ کامیابیوں کا کریڈٹ صرف میرا نہیں، ہر منسٹر، ایڈوائزر اور معاون خصوصی کا بھی ہے۔ میں کامیابی تب سمجھتی ہوں جب ہر آنے والا دن پہلے سے بہترہو۔ سکھ یاتریوں کا پنجاب آمد پر دل کی اتھاہ گہرایوں سے خوش آمدید اور جی آیاں نوں کہتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ سامان سر پر اٹھائے سکھ بھائی دیکھ کر فوراً ٹرالی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ٹوٹی پھوٹی سڑکیں مجھے نظر آتی ہیں، تو محکمے کیوں نہیں دیکھتے ، خود بخود مرمت کیوں نہیں کی جاتی؟ ۔وزیراعلیٰ مریم نوا زشریف نے اجلاس میں ارکان اسمبلی سے ملاقات میں منظورشدہ پراجیکٹ پرفوری کام شروع کرنے کا حکم دیا ہے ‘اجلاس میں پنجاب پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس اور سپرنٹنڈنٹس (ترقی کے ذریعے تقرری) سروس رولز 2020 میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ پولیس اسٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم (پی ایس آر ایم ایس) کے ذریعے ایف آئی آر کی پرنٹنگ سے متعلق پنجاب پولیس رولز 1934 میں ترمیم کی منظوری بھی دی گئی۔ممنوعہ علاقوں میں سیمنٹ پلانٹس کے قیام اور موجودہ پلانٹس کی توسیع پر عائد پابندیوں کا جائزہ ، وزیراعلیٰ مریم نوا زشریف نے ایک ہفتے کے اندر فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔ قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں مزید 200 ایکڑ اراضی اضافے کے ذریعے توسیع کی منظوری دی گئی۔ محکمہ قانون کے مینوئل میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ پنجاب جوڈیشل اکیڈمی ایکٹ 2007 کی دفعہ 9 میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔ محکمہ اوقاف کے ملازمین کے سروس رولز میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔پھاٹا لینڈ یوز رولز 2017 میں مجوزہ ترامیم اور ملکیتی حقوق کے حامل کمرشل عمارتوں اور جائیدادوں کی غیر مجاز ذیلی تقسیم پر کنورژن فیس کی وصولی کا معاملہ تین ماہ کیلئے عارضی اجازت دے دی گئی۔ایل ڈی اے لینڈ یوز رولز 2020 کے قاعدہ 30 میں مجوزہ ترمیم کی منظوری دی گئی۔