وزیر اعلی مریم نواز سے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی اے بیکر کی ملاقات میں دونوں ممالک میں مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا گیا
پنجاب بدل رہا ہے ، شہر اور دیہات ریفارم ہو رہے ہیں، آئندہ سال بسنت میلے کو توسیع دی جائے گی:مریم نواز کی گفتگو
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی اے بیکر نے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں فروغِ تعلیم، سیکیورٹی، سرمایہ کاری، مصنوعی ذہانت (اے آئی )، ڈیجیٹل اثاثوں اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی اے بیکر کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں پنجاب میں سیلاب اور سموگ سے بچا ئوکے لیے امریکی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا جبکہ لاہور میں پنجاب یو ایس بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم کے انعقاد کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی اے بیکر نے خواتین کی فلاح و بہبود اور بااختیار بنانے کے لئئے وزیراعلی مریم نواز شریف کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے لاہور میں بسنت فیسٹیول کے انعقاد اور محفوظ بسنت کے لئے حکومت پنجاب کے اقدامات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ نیٹلی اے بیکر نے کہا کہ انہیں پاکستان، بالخصوص پنجاب اور لاہور کے لوگ بہت پسند ہیں، کیونکہ یہاں کے لوگ زندہ دل ہیں۔ اس موقع پر وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ آئندہ سال بسنت میلے کو مزید توسیع دی جائے گی، پنجاب میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے قانونی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کیلئے نئی پالیسیاں تشکیل دی جا رہی ہیں۔ ۔ وزیراعلی نے کہا کہ پنجاب بدل رہا ہے اور صوبے کے شہر اور دیہات ریفارم ہو رہے ہیں