وزیرپیٹرولیم علی پرویز ملک کی چینی سفیر جیانگ زیڈونگ سے ملاقات ،پیٹرول کی درآمد، سٹوریج اور لاجسٹکس انتظامات پر تعاون بڑھانے کا بھی فیصلہ
بات چیت کو عملی منصوبوں اور صنعتی ترقی میں تبدیل کرنا ترجیح ہے، چینی صدر کی ترجیحات پاک چین توانائی شراکت داری کے مشترکہ وژن کی عکاس ہیں :علی پرویز ملک
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان اور چین نے ایل پی جی پلانٹ اور پٹرول درآمدی منصوبوں سمیت توانائی کے اہم منصوبوں پر فوری عملدرآمد کرنے اور پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے مشترکہ کمرشل ٹیم تشکیل دینے پر اتفاق کیا ہے۔وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈونگ کی ملاقات ہوئی، جس میں طے پایا کہ تشکیل دی جانے والی مشترکہ کمرشل ٹیم توانائی کے منصوبوں پر پیش رفت تیز کرنے اور سرمایہ کاری کے لیے جامع روڈ میپ تیار کرے گی۔دونوں ممالک نے ایل پی جی پلانٹ، سٹوریج اور ٹرمینل سہولیات کے منصوبے کو فوری طور پر آگے بڑھانے پر اتفاق کیا، جس سے ملک میں گیس کی مقامی سپلائی میں اضافے اور قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔اس موقع پر وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح بات چیت کو عملی منصوبوں اور صنعتی ترقی میں تبدیل کرنا ہے، ایپیک 2026 میں چینی صدر شی جن پنگ کی ترجیحات پاکستان اور چین کی توانائی شراکت داری کے مشترکہ وژن کی عکاس ہیں۔چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے پاکستان کے ساتھ توانائی کے شعبے میں تعاون جاری رکھنے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔