کلین اور متبادل توانائی کے فروغ کیلئے 6بائیو گیس پلانٹس کی منظوری پنجاب کو توانائی کے شعبے میں خود کفیل بنانا ترجیح ہے:مریم نواز

 ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ کی جلد تکمیل کی ہدایت ‘بائیو گیس پلانٹس سے نہ صرف گھریلو استعمال کیلئے سستی گیس دستیاب ہوگی بلکہ فصلوں کیلئے بائیو فرٹیلائزر بھی حاصل کی جا سکے گی:  بریفنگ
 مثالی گاؤں پراجیکٹ کا آغاز‘سیوریج لائن سڑکوں کے بجائے گرین بیلٹ میں بچھانے کا فیصلہ ، مین ہول بھی سڑک کناروں پر بنائے جائیںگے‘100 سال کارآمد رہنے والے پائپ استعمال ہونگے
خراب پانی والے علاقوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹ ترجیحی بنیادوں پر لگانے کا حکم،  پورے صوبے میںپی ایچ اے قائم کرنے ، افرادی قوت اور اثاثوں کی تفصیلات طلب  کر لی گئیں
لاہور (سپیشل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں کلین اور متبادل توانائی کے فروغ کے لیے چھ بائیو گیس پلانٹس کی منظوری دے دی ہے، جن میں سے چار لاہور جبکہ دو فیصل آباد میں قائم کیے جائیں گے۔ ان منصوبوں کے آغاز سے پنجاب میں کلین انرجی کے عملی سفر کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب کے کلین انرجی مستقبل پر تاریخی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ بائیو گیس پلانٹس سے نہ صرف گھریلو استعمال کے لیے سستی گیس دستیاب ہوگی بلکہ فصلوں کے لیے بائیو فرٹیلائزر بھی حاصل کی جا سکے گی، جس سے کسانوں اور ماحول دونوں کو فائدہ پہنچے گا۔وزیراعلیٰ نے سمال بائیو گیس پلانٹس کا قابلِ عمل منصوبہ طلب کرتے ہوئے ملٹی پل فیول بائیو ریفائنری کے لیے فیزیبلٹی سٹڈی کی منظوری بھی دے دی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ویسٹ ٹو انرجی پراجیکٹ کی جلد تکمیل کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو توانائی کے شعبے میں خود کفیل اور ماحول دوست بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور ان منصوبوں سے صوبے میں پائیدار ترقی، زرعی بہتری اور صاف توانائی کے فروغ میں مدد ملے گی‘دریں اثناء  مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت صوبے میں جاری ترقیاتی پراجیکٹس پر تین گھنٹے طویل اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام، لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام، مثالی گاؤں، پی ایچ اے، صاف پانی اور دیہی روڈ منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو مثالی گاؤں پراجیکٹ کے تحت پنجاب کے 224 دیہات میں کام کے آغاز پر بریفنگ دی گئی۔پہلے فیز میں 469 دیہات میں واٹر سپلائی، ڈرینج، چلڈرن پارک، فٹ پاتھ اور سٹریٹ لائٹس لگے گی۔ اس موقع پرشہریوں کی سہولت کے لیے سیوریج لائن سڑکوں کی بجائے گرین بیلٹ میں بچھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ مین ہول بھی سڑک کے کناروں پر بنائے جائیںگے۔اجلاس میں ڈرینج اور سیوریج سسٹم کی پائیداری یقینی بنانے کیلئے 100 سال تک کار آمد HOPE سیوریج پائپ نصب کرنے پر اتفاق کیا گیا۔و زیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لائیو ڈیش بورڈ قائم کرنے کی ہدایت کی ،لائیو ڈیش بورڈ سے خود نگرانی کریں گی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا پہلا فیز مکمل کر لیا گیا جبکہ دوسرا فیز 30 اپریل تک مکمل ہوگا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے7 شہروں میں پنجاب ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی اپریل میں تکمیل کرنے کا حکم دے دیا۔ اجلاس میںبتایا گیا کہ پنجاب کے مزید 11 اضلاع میں نئے پی ایچ اے قائم کر دیئے گئے ،ان کی مجموعی تعداد 21ہوگی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پورے صوبے میں پی ایچ اے قائم کرنے کے لئے قابل عمل پلان طلب کر لیا ۔ موجودہ پی ایچ اے کی افرادی قوت اور اثاثوں کی تفصیلات بھی طلب کرلیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پی ایچ اے کی مالی خود مختاری کے لئے ری سورس جنریشن کا پلان بنانے کی ہدایت کی اور ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ پراجیکٹ کی دوسری قسط فوری جاری کرنے کا حکم دے دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ’’اپنی زمین، اپنا گھر‘‘ کی الاٹیز کو الاٹمنٹ لیٹر جاری کرنے کی ہدایت کی۔