پی ٹی آئی کے استعفے، پی اے سی ون کا اجلاس طویل عرصے سے مئوخر

لاہور(خصوصی رپورٹ)تحریک انصاف کی کمیٹیوں سے دستبرداری کے باعث پنجاب اسمبلی میں کئی ماہ سے پبلک اکائونٹس کمیٹی ون (پی اے سی ون) کا اجلاس نہیں ہو سکا۔اسمبلی ذرائع کے مطابق پی اے سی ون کے اجلاس سابق اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر کی نااہلی کے بعد سے رکے ہوئے ہیں جبکہ نئے اپوزیشن لیڈر کے تعین میں بھی طویل تاخیر نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔نئے اپوزیشن لیڈر معین ریاض قریشی نے تقرری کے بعد کمیٹی کا ایک بھی اجلاس بلائے بغیر چیئرمین شپ سے استعفیٰ دے دیا جو اس وقت سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی منظوری کا منتظر ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سپیکر نے اپوزیشن کو استعفوں پر غور کرنے کے لیے وقت دے رکھا ہے تاہم اپوزیشن تاحال اپنے حتمی فیصلے سے آگاہ نہیں کر سکی۔