صدر مملکت نے کل قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اہم اجلاس طلب کر لیے

صدر مملکت نے کل قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اہم اجلاس طلب کر لیے

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے اہم پارلیمانی اجلاسوں کے انعقاد کا اعلان کیا ہے، جن میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس شامل ہیں۔

 صدر نے کل شام 5 بجے قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا ہے، جو آئندہ 10 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس اجلاس میں اہم قانون سازی کی توقع ہے اور ممکنہ طور پر حکومتی امور اور دیگر قومی مسائل پر بھی بحث کی جائے گی۔اسی دن شام 4 بجے صدر مملکت نے آئین کے آرٹیکل 54 کے تحت سینیٹ کا اجلاس بھی طلب کیا ہے۔ اس سلسلے میں پارلیمانی ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سیشن کے دوران پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بھی بلائے جانے کا امکان ہے، جس میں اہم قومی امور اور قانون سازی زیر غور آسکتی ہے۔

علاوہ ازیں، قومی اسمبلی کے اجلاس میں ضمنی انتخابات میں کامیاب ہونے والے مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب اراکین اپنے حلف بھی اٹھائیں گے۔ یہ تمام اجلاس ملک کی سیاسی صورتحال اور قانون سازی کے حوالے سے اہمیت رکھتے ہیں۔