بچوں کے خلاف تشدد، استحصال اور جرائم کے 5 ہزار 97 واقعات

اعداد و شمار تفتیشی طریقہ کار اور عدالتی عمل میں سنگین کمزوریوں کی نشاندہی کرتے ہیں
لاہور(خصوصی رپورٹر ) سسٹین ایبل سوشل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن  نے جنوری تا جون 2025 کے دوران بچوں پر تشدد سے متعلق نیشنل فیکٹ شیٹ جاری کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ملک بھر میں بچوں کے خلاف تشدد، استحصال اور جرائم کے مجموعی طور پر 5 ہزار 97 واقعات رپورٹ ہوئے جبکہ سزا کی شرح نہایت کم رہی۔ رپورٹ کے مطابق پنجاب، سندھ، بلوچستان اور اسلام آباد سے جمع ہونے والے اعداد و شمار بچوں کے تحفظ کے نظام، پولیس کی کارکردگی، تفتیشی طریقہ کار اور عدالتی عمل میں سنگین کمزوریوں کی نشاندہی کرتے ہیں۔ فیکٹ
 شیٹ میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں رپورٹنگ کے نظام میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے جو چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے ساتھ بہتر رابطہ کاری، پولیس رپورٹنگ میکانزم میں اصلاحات اور عوامی سطح پر بچوں کے حقوق سے متعلق شعور بڑھنے کا نتیجہ ہے۔ تاہم سندھ، بلوچستان اور اسلام آباد کے مقابلے میں دیگر علاقوں میں رپورٹنگ اب بھی نہایت کم ہے جس کے باعث اصل صورتحال جاننا مشکل ہو جاتا ہے۔ تنظیم نے خیبر پختونخوا پولیس کی جانب سے ڈیٹا فراہم نہ کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعدد یاد دہانیوں اور کے پی انفارمیشن کمیشن کی واضح ہدایات کے باوجود صوبائی پولیس نے مطلوبہ معلومات فراہم نہیں کیں، جس سے صوبے میں بچوں پر تشدد کی حقیقی صورتحال جانچنے میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے