پارٹی میں مشاورت کریں گے، ایک عدالت کو ہم نہیں مانتے تو اس میں پیش ہونا ہے یا نہیں
ہری پور انتخابات کے حوالے سے وائٹ پیپر جلد جاری کریں گے:رہنما پی ٹی آئی کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی ) پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے پی ٹی آئی نے تاحال آئینی عدالت کے بائیکاٹ کا حتمی فیصلہ نہیں کیا،پارٹی میں مشاورت کریں گے، فیصلہ کریں گے ایک عدالت کو ہم نہیں مانتے تو اس میں پیش ہونا ہے یا نہیں، ہری پور انتخابات کے حوالے سے وائٹ پیپر جلد جاری کریں گے ۔منگل کو الیکشن ٹریبونلز میں ریٹائرڈ ججز کی تعیناتی کے خلاف اپیل کی سماعت وفاقی آئینی عدالت میں ہوئی۔سیکرٹری جنرل تحریک انصاف سلمان اکرم راجہ وفاقی آئینی عدالت کے باہر پہنچے تو صحافی نے ان سے پوچھا کیا پی ٹی آئی نے آئینی عدالت کا بائیکاٹ نہیں کیا؟۔اس پر سلمان اکرم راجا نے کہا آئینی عدالت کے بائیکاٹ پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، پارٹی میں مشاورت کریں گے، عدالت اب قائم کردی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی کی قید تنہائی کے حوالے سے درخواست بھی لگنی ہے، فیصلہ کریں گے ایک عدالت کو ہم نہیں مانتے تو اس میں پیش ہونا ہے یا نہیں، ہم نے فیصلہ کرنا ہے لیکن تاحال فیصلہ نہیں ہوا۔