190ملین پائونڈ کیس عمران خان14‘بشری بی بی کو7سال قید القادر ٹرسٹ کی زمین سرکاری تحویل میں لینے کا حکم
عمران خان کو سزاکے ساتھ10لاکھ ‘بشری بی بی کو5لاکھ روپے جرمانے کا بھی حکم دیا گیا‘بشری بی بی کو قید بامشقت بھگتنا ہوگی‘ بشری بی بی کو کرپشن میں سہولت کاری اور معاونت پر مجرم قرار دیا گیا‘پراسیکیوشن اپنا کیس ثابت کرنے میں کامیاب ہوئی
دونوں مجرموں کو 4 مارچ 2021 میں ڈونیشن قبولیت کی دستاویز پر دستخط کرنے پر نتائج بھگتنا ہوں گے، بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی القادر یونیورسٹی ٹرسٹ کے جوائنٹ اکائونٹ کے دستخط کنندہ ہیں، اس مقدمے کا زیادہ تر دارومدار دستاویزی ثبوتوں پر ہے:فیصلہ
راولپنڈی(آئی این پی)190ملین پائونڈز کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو 14 اور انکی اہلیہ بشری بی بی کو 7 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا 190 ملین پانڈز کیس کا محفوظ فیصلہ سنانے کیلئے اڈیالہ جیل پہنچے، ملزمان کی حاضری پوری ہونے پر فاضل جج نے محفوظ فیصلہ سنایا۔احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو 10 لاکھ اور بشری بی بی کو 5 لاکھ روپے جرمانہ کر دیا، جرمانے کی عدم ادائیگی پر ملزمان کو مزید 6، 6 ماہ کی قید بھگتنا ہو گی۔عدالت نے القادر ٹرسٹ کی زمین بھی سرکاری تحویل میں لینے کا حکم دے دیا جبکہ جج ناصر جاوید رانا کے سزا سنانے کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کو کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا گیا۔اہم کیس کی سماعت سے قبل بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل سے کمرہ عدالت لایا گیا جبکہ انکی اہلیہ بشری بی بی بھی عدالت پہنچیں، ان سے قبل نیب پراسیکیوشن ٹیم کے قبل3 ارکان عرفان احمد، سہیل عارف اور اویس ارشد بھی اڈیالہ جیل پہنچنے جبکہ وکیل صفائی سلمان اکرم راجا اور بشری بی بی کی بیٹی اور داماد بھی عدالت میں موجود تھے۔سماعت کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں کو بھی بلایا گیا تھا، اس موقع پر جیل کے باہر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے، ایلیٹ کمانڈوز بھی جیل کے باہر سکیورٹی کا حصہ تھے، پولیس کی جانب سے اہم کیس کی سماعت کے موقع پر اڈیالہ جیل کی دیوار اور سامنے کھڑی تمام گاڑیوں کو بھی ہٹوا دیا گیا تھا۔190 ملین پانڈز کیس کا فیصلہ سنائے جانے سے قبل پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر اور رہنما شعیب شاہین بھی اڈیالہ جیل پہنچے۔عدالت نے تحریری فیصلے میں کہا بشری بی بی کو کرپشن میں سہولت کاری اور معاونت پر مجرم قرار دیا‘پراسیکیوشن اپنا کیس ثابت کرنے میں کامیاب ہوئی‘ دونوں مجرموں کو 4 مارچ 2021 میں ڈونیشن قبولیت کی دستاویز پر دستخط کرنے پر نتائج بھگتنا ہوں گے، بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی القادر یونیورسٹی ٹرسٹ کے جوائنٹ اکانٹ کے دستخط کنندہ ہیں، اس مقدمے کا زیادہ تر دارومدار دستاویزی ثبوتوں پر ہے