عدالت سے رجوع کرنا تحریک انصاف کا حق ، معاملات طے تھے، حکومت نے مذاکراتی ایجنڈا بدلا: سلمان اکرم راجہ
اسلام آباد (بیورو رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے اعلان کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ اور گورنر راج کے معاملے کو عدالتوں میں چیلنج کیا جائے گا۔ پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالت سے رجوع کرنا تحریک انصاف کا حق ہے اور پارٹی ایک دن کے اندر عدالت سے رجوع کرے گی۔ سلمان اکرم راجہ کے مطابق خیبرپختونخوا میں اب تک پارٹی کے سینکڑوں کارکن گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مولانا فضل الرحمان اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان تمام معاملات طے پا گئے تھے اور وزیراعظم نے کابینہ اجلاس آگے لے جانے کی بات بھی کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اجلاس کے دوران حکومت نے مولانا فضل الرحمان کو فون کرکے بتایا کہ وہ یہ اقدام کر رہی ہے۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ حکومت نے مذاکرات کا ایجنڈا تبدیل کر دیا، اس لیے تمام جمہوریت پسندوں کو اب اس صورت حال پر غور کرنا ہوگا۔