عدالت کیا فیصلہ کرتی ہے دیکھیںگے، ہم قانون کو ماننے والی جماعت ہیں، سلمان اکرم راجہ

  کارکنوں کو گرفتار اور گھروں پر چھاپے ،پنجاب میں سینکڑوں لوگوں کو اٹھایا گیا اور مار پیٹ کی گئی 
اسلام آباد(آئی این پی )پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ  نے کہا  ہے  کہ ہم قانون کو ماننے والی جماعت ہیں، پرامن احتجاج کریں گے، عدالت لانگ مارچ پر کیا فیصلہ کرتی ہے، دیکھیں گے، باقی صوبوں کا اس درخواست سے کیا تعلق ہے، میرے لیے عجیب ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ ہم براہِ راست فریق نہیں، عدالت نے ہمیں نہیں بلایا، کارکنوں کو گرفتار اور گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پی ٹی آئی  رہنما نے کہا ہے کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں صورتِ حال تشویشناک ہے، پنجاب میں سینکڑوں لوگوں کو اٹھایا گیا اور مار پیٹ کی گئی۔ان کا کہنا ہے کہ میانوالی میں 93 سالہ بزرگ کو اٹھا لیا گیا، 1 کروڑ عوام بھی باہر نکل آئیں تو نظام گر جائے گا، جے یو آئی سے بات چیت ہوئی، اتفاق پارلیمان کی حد تک ہے۔