پاکستان اور ایران کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے آصف زرداری

پاکستان ایران کے ساتھ تجارتی روابط بڑھانے، ریلوے رابطے بہتر بنانے، اور زائرین و تاجروں کے لیے سہولیات بڑھانے کا خواہاں ہے:صدر مملکت
 پاک ایران تجارت کا ہدف 10 ارب ڈالر  مقرر کیا گیا ہے: ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری کی صدر سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد( آن لائن ) صدرِ پاکستان آصف علی زرداری  سے ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری  ڈاکٹر علی اردشیر لاریجانی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔صدر زرداری نے کہا  پاکستان اور ایران کے درمیان تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے  اور حالیہ ملاقاتیں دوطرفہ تعلقات میں  مثبت پیش رفت کی علامت ہیں۔ انہوں نے ایران کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے امداد پر تشکر کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اور ایران مذہب، تاریخ اور ثقافت کے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔صدرِ پاکستان نے کہا کہ پاکستان نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایران کی بھرپور حمایت  کا اعادہ کیا ہے اور ایران کی جانب سے کشمیر اور فلسطین پر اصولی مؤقف پر ان کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا  پاکستان ایران کے ساتھ تجارتی روابط بڑھانے، ریلوے رابطے بہتر بنانے، اور زائرین و تاجروں کے لیے سہولیات بڑھانے کا خواہاں ہے۔ڈاکٹر لاریجانی نے  سپریم لیڈر اور ایرانی صدر کے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ ایران نے پاکستانی مصنوعات کو ترجیحی رسائی  دینے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ ایرانی وفد نے بتایا کہ پاک ایران تجارت کا ہدف 10 ارب ڈالر  مقرر کیا گیا ہے اور پاکستان کی حالیہ کامیابیوں پر  پاک فوج کی تعریف  بھی کی