پاکستان ، ایران کے درمیان شعبہ مواصلات میں تعاون بڑھانے کی یادداشت پر دستخط

 وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی تہران میں ایران اور قازقستان کے وزراء سے ملاقاتیں،باہمی تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق
تہران (آئی این پی )پاکستان اور ایران نے مواصلات کے شعبے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کردئیے ۔ایران کے دارالحکومت تہران میں اقتصادی تعاون تنظیم اجلاس کے موقع پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے تہران میں ایران اور قازقستان کے وزراء نے ملاقاتیں کیں۔ باہمی تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ پاکستان اور ایران کے درمیان مواصلات کے شعبے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی ہوگئے۔ایرانی وزیر روڈ و شہری ترقی  فرزانہ صادق نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور پاکستانی وفد کا خیر مقدم کیا۔ فرزانہ صادق سے ملاقات میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان اور ایران دیرینہ مذہبی اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ تہران میں ای سی او کانفرنس کا انعقاد خوش آئند ہے، اس سے خطے پر مثبت اثرات ہوں گے۔پاکستان اور ایران کے درمیان مواصلات کے شعبے میں باہمی تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کر دیئے گئے۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان اور ایرانی وزیر فرزانہ صادق نے تقریب میں شرکت کی۔قازقستان کے وزیر ٹرانسپورٹ مارات کارابائیف بھی عبدالعلیم خان سے ملے۔ دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور قازقستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان وسط ایشیائی ریاستوں تک زمینی رابطے بڑھانا چاہتا ہے۔ ای سی او اجلاس علاقائی رابطوں کے فروغ کا باعث بنے گا۔ قازقستان کے وزیر ٹرانسپورٹ نے پاکستان کے ساتھ باہمی تعاون بالخصوص روڈ انفراسٹرکچر میں تعاون بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔۔ ملاقات کے دوران تحائف کا تبادلہ بھی کیا گیا۔