عملی زندگی میں تعلیم، روزگار اور انصاف کی حقیقی رسائی کو ممکن بنانا ہوگا: بلاول بھٹو زرداری

عملی زندگی میں تعلیم، روزگار اور انصاف کی حقیقی رسائی کو ممکن بنانا ہوگا: بلاول بھٹو زرداری

انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ انسانی حقوق جمہوریت کی روح ہیں اور انہیں عملی زندگی میں تعلیم، صحت، روزگار اور انصاف تک حقیقی رسائی میں تبدیل کرنا ہوگا۔

بلاول بھٹو نے اپنے پیغام میں واضح کیا کہ انسانی حقوق ہر فرد کو انسان ہونے کے ناطے حاصل ہوتے ہیں، کسی طاقت یا مراعات کی بنیاد پر نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام اداروں کو شہری آزادیوں کے محافظ بننا ہوگا اور معاشرے میں ہر طرح کے امتیاز کا خاتمہ ضروری ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ملک میں ایک جامع معاشرتی و معاشی ماحول تشکیل دینا ضروری ہے، جہاں قانون کی حکمرانی مضبوط ہو، شہری آزادیوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور کوئی بھی شخص معاشرتی ترقی میں پیچھے نہ رہ جائے۔

بلاول بھٹو زرداری نے اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی انسانی حقوق پر مبنی اور انسان دوست پاکستان کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، تاکہ ایک ایسا معاشرہ قائم ہو جہاں خواتین، بچے، اقلیتیں، خصوصی افراد، مزدور اور تمام کمزور طبقات وقار، تحفظ اور برابری کے مواقع کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔