ویب ڈیسک:معروف بھارتی موسیقار اے آر رحمان کی سابق گٹارسٹ موہنی دی نے حال ہی میں اپنے شوہر مارک سے علیحدگی کے بعد سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں کا جواب دیا ہے۔
موہنی دی، جو آٹھ سال تک اے آر رحمان کے بینڈ کا حصہ رہ چکی ہیں، نے اپنے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا جس میں انہوں نے ان افواہوں کی تردید کی جو ان کے اور اے آر رحمان کے درمیان غیر پیشہ ورانہ تعلقات کے بارے میں پھیلائی جا رہی تھیں۔موہنی نے کہا کہ ان کا اے آر رحمان کے ساتھ تعلق صرف پیشہ ورانہ نوعیت کا ہے اور وہ انہیں والد جیسا سمجھتی ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اے آر رحمان ان کے لیے ایک والد جیسی شخصیت رکھتے ہیں اور وہ عمر میں ان کے والد سے تھوڑے چھوٹے ہیں، جبکہ ان کی بیٹی ان کی ہم عمر ہے۔
موہنی نے بتایا کہ پانچ سال قبل انہوں نے اے آر رحمان کا بینڈ چھوڑا تھا اور امریکہ منتقل ہو گئی تھیں، جہاں وہ مختلف پاپ فنکاروں کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔ اس کے علاوہ، ان کا اپنا بینڈ بھی ہے اور وہ اپنے میوزک بینڈ کے ساتھ دنیا بھر میں دورے کرتی ہیں۔موہنی دی نے سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے والوں سے درخواست کی کہ وہ ان کی اور دیگر متعلقہ افراد کی نجی زندگی کا احترام کریں اور اس مشکل وقت میں ہمدردی کا مظاہرہ کریں۔