ٹرمپ کا میکسیکو، کینیڈا اور چین سے آنے والی اشیاء پر بھاری ٹیکس عائد کرنے کا اعلان

ٹرمپ کا میکسیکو، کینیڈا اور چین سے آنے والی اشیاء پر بھاری ٹیکس عائد کرنے کا اعلان

نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو، کینیڈا، اور چین سے آنے والی اشیاء پر بھاری ٹیکس (ٹیرف) لگانے کا اعلان کیا ہے۔

 ان کا کہنا ہے کہ 20 جنوری سے وہ میکسیکو اور کینیڈا سے آنے والی تمام اشیاء پر 25 فیصد ٹیرف پر دستخط کریں گے۔ یہ ٹیرف اس وقت تک نافذ رہے گا جب تک کہ منشیات اور غیر قانونی تارکین وطن کی امریکا میں آمد کا سلسلہ بند نہیں ہو جاتا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ چین سے آنے والی اشیاء پر بھی موجودہ ٹیرف میں 10 فیصد اضافی ٹیکس عائد کیا جائے گا، جب تک کہ چین نے منشیات کی اسمگلنگ روکنے کے لیے سخت اقدامات نہیں کیے۔ ان کے مطابق، چین نے یہ وعدہ کیا تھا کہ وہ منشیات کے اسمگلروں کے خلاف سخت کارروائی کرے گا۔

چین کی طرف سے اس فیصلے پر ردِ عمل سامنے آیا ہے۔ چینی سفارت خانے کے ترجمان نے کہا کہ چین اور امریکا منشیات کے خلاف کارروائیوں پر باہمی تعاون میں ہیں، اور دونوں ممالک کا اقتصادی اور تجارتی تعلق باہمی مفادات پر مبنی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کوئی بھی ملک تجارتی یا ٹیرف کی جنگ نہیں جیت سکتا، اور دونوں ممالک کو اس بات کا ادراک کرنا چاہیے کہ اس سے کسی کو فائدہ نہیں ہوگا۔یہ اقدام امریکہ کے داخلی مسائل جیسے کہ منشیات کی اسمگلنگ اور غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف سخت موقف اختیار کرنے کے حصے کے طور پر سامنے آیا ہے۔ تاہم، چین کے لیے یہ ایک چیلنج ہے کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان پہلے ہی تجارتی جنگ چل رہی ہے، اور اس نئے فیصلے سے مزید کشیدگی کا امکان ہے۔