بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشنکو 3 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے‘وزیراعظم شہبازشریف نے استقبال کیا‘صدر بیلا روس دوسرے کے دوران صدر آصف علی زرداری ‘وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقاتیں کریں گے
مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کی نئی راہوں کو فروغ ملے گا:وفاقی وزیر جام کمال‘بیلاروس میں پاکستان کی ہلکی صنعتی اشیا ء اور خوردنی مصنوعات کی ڈیمانڈ ہے:وزیرتوانائی بیلا روس
اسلام آباد ( ایجنسیاں‘مانیٹرنگ ڈیسک) بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکاشنکو 3 روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے‘ہوائی اڈے پر وزیراعظم شہبازشریف نے استقال کیا، وہ دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم شہباز شریف سے خصوصی بات چیت کریں گے جن میں دوطرفہ تعاون اور روابط کے شعبوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ بیلا روس کے صدر کی آصف زرداری اور آرمی چیف سے بھی ملاقات ہوگی‘دریں اثناء پاکستان اور بیلاروس کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کے لیے 8 مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کردیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پاکستان اور بیلاروس بزنس فورم کے دوران دونوں ملکوں میں تجارت کے فروغ کے لیے بزنس ٹو بزنس 8 مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوئے، بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ مشترکہ منصوبوں کے ذریعے سرمایہ کاری، معلومات اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کا خواہاں ہے، پاکستان میں تمام اقتصادی شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں اور توانائی، انفرا سٹرکچر، ٹیلی کمیونیکیشن، مینوفیکچرنگ، منرلز، آئی سی ٹی اور زراعت سمیت دیگر شعبوں میں غیرملکی سرمایہ کاری ترجیح ہے۔ بزنس ٹو بزنس 8 مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کی نئی راہوں کو فروغ ملے گا، پاکستان اور بیلاروس کے درمیان تمام شعبوں بالخصوص خوراک، دوا سازی، ٹیکسٹائل، لیدر، لاجسٹکس اور توانائی میں تجارت کے فروغ کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں، اس کو بروئے کار لانے کے لیے فریقین کو ٹیرف اور نان ٹیرف رکاوٹوں کو کم سے کم کرنے کے لیے تندہی سے کام کرنا ہوگا اور ساتھ ہی ایک دوسرے کو مارکیٹ تک بامقصد رسائی دینے کے لیے معقول درآمدی ضروریات کا خیال رکھنا ہوگا۔اس موقع پر بیلاروس کے وزیر توانائی الیکسی کشنارینکو نے کہا کہ اس قسم کی تقریبات پاکستان اور بیلاروس کے تجارتی شعبوں میں براہ راست مذاکرات کا مؤثر ذریعہ ہیں، بیلا روس کی زرعی مشینری، صنعتی، پیٹروکیمیکل اور ڈیری مصنوعات کی پاکستانی مارکیٹ میں ڈیمانڈ ہے اور بیلاروس میں پاکستان کی ہلکی صنعتی اشیا اور خوردنی مصنوعات کی ڈیمانڈ ہے۔