ابوظہبی پورٹس کمپنی اور پاکستان کے مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

 مفاہمتی یادداشتوں کا مقصد ڈیجیٹل کسٹم کنٹرول کو بہتر بنانا، مال بردار ریل کے لئے وقف کردہ کوریڈورز تیار کرنا ہے
 پاکستان کے بحری بیڑے اور میرین سروسز کے ساتھ  پاکستان کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کو اپ گریڈ کرنا بھی شامل
اسلام آباد(آئی این پی ) ابوظہبی پورٹس کمپنی اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہو گئے۔ تقریب کے دوران پاکستان ریلویز، پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن اور ابوظہبی پورٹس کمپنی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی، ایف بی آر اور ابوظہبی پورٹس کمپنی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت کئے گئے۔  تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے شرکت کی۔ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف سے ابو ظہبی کے اعلی سطح سرمایہ کاری وفد نے ملاقات کی، وفد کی قیادت ابوظہبی کے وزیر مملکت برائے بیرونی تجارت کر رہے تھے۔اس موقع پر وزیراعظم نے ابوظہبی پورٹس گروپ کے ساتھ میری ٹائم افیئرز، ایوی ایشن، ریلویز اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے متعلق چار مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کا مشاہدہ کیا۔ مفاہمتی ناموں کے مطابق پاکستان اور اے ڈی پورٹس گروپ کسٹم، ریل، ہوائی اڈے کے بنیادی ڈھانچے اور میری ٹائم شپنگ اور لاجسٹکس کے شعبوں میں ممکنہ تعاون کو تلاش کریں گے۔ مفاہمتی یادداشتوں کا مقصد ڈیجیٹل کسٹم کنٹرول کو بہتر بنانا، مال بردار ریل کے لیے وقف کردہ کوریڈورز تیار کرنا، پاکستان کے بحری بیڑے اور میرین سروسز کے ساتھ ساتھ پاکستان کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کو اپ گریڈ کرنا ہے۔