محکمہ جنگلات :اجرت ادائیگی کیلئے پرانا نظام ختم

 مزدوروں کو یومیہ اجرت براہ راست موبائل بینکنگ اکائونٹ میں ملے گی
 تصدیق ایس ایم ایس اور بائیو میٹرک کے ذریعے ہو گی:مریم اورنگزیب 
لاہور(کرائم رپورٹر)سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے محکمہ جنگلات میں اجرتوں کی ادائیگی میں شفافیت کے لئے جدید برانچ لیس بینکاری نظام نافذ کردیا ۔ وزیراعلیٰ نے 100 سالہ پرانا نظام ختم کر کے یومیہ اْجرت پر جنگلوں میں کام کرنے والے محنتی مزدوروں کے لئے جدید، محفوظ اور باعزت ادائیگی نظام متعارف کر ادیا ہے۔ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کو اب اجرت براہ راست موبائل بینکنگ اکائونٹ میں ملے گی، تصدیق ایس ایم ایس اور بائیو میٹرک کے ذریعے ہو گی۔ ''شفافیت وزیر اعلیٰ پنجاب کا مشن ہے، محکمہ جنگلات کا اقدام اس وڑن کی عملی تعبیر ہے۔ ہر سرکاری ادائیگی کے نظام میں شفافیت اور انصاف کو اولین ترجیح دی جائے گی-محکمہ جنگلات اور پنجاب بینک کے باہمی اشتراک سے برانچ لیس بینکاری کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور محکمہ جنگلات کا یہ منفرد قدم عالمی معیار کی گڈ گورننس اور مالی شفافیت کی جانب انتہائی اہم پیش رفت قرار دیاہے۔