مویشی منڈیوں میں اہم مقامات پر چیک پوسٹیں ،اضافی فورس تعینات ، نوسربازوں پر کڑی نظر رکھی جائے:بلال صدیق
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس کی جانب سے عیدالاضحی کی آمد کے پیش ِ نظر قربانی کے جانوروں کی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔یکم مئی سے اب تک مویشی چوری کے 113 ملزمان کو گرفتارکر کے 79 مقدمات کا اندراج کیا گیا ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ترجمان نے بتایا کہ اقبال ٹاؤن ڈویڑن سے مویشی چوری کے20،صدر سے28، کینٹ سے20، ماڈل ٹاؤن سے23، سٹی سے19اور سول لائنز سے3 مویشی چوروں کی گرفتار ی عمل میں لائی گئی ہیسی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کی چوری کی روک تھام کیلئے جامع سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے۔سی سی پی او لاہور نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی دارالحکومت میں قائم کی جانے والی مویشی منڈیوں کی سکیورٹی کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مویشی منڈیوں میں اضافی فورس تعینات کرکے نوسربازوں پر کڑی نظر رکھی جائے۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ مویشی منڈیوں میں اہم مقامات پر چیک پوسٹیں قائم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ منڈیوں کے اطراف میں پارکنگ کا معقول انتظام کیا جائے اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا جائے۔سی سی پی او لاہور نے بیوپاریوں اورشہریوں کے تحفظ کیلئے ڈولفن، پیرو سمیت دیگر پٹرولنگ فورسزکی موثر پٹرولنگ یقینی بنانے کی بھی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ سپر وائزی افسران اپنی ڈویڑنز میں قائم مویشی منڈیوں کے سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں۔ بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ مویشی چوری کی روک تھام، منظم گروہوں کی گرفتاری اور مال مویشی کی برآمدگی پر خصوصی توجہ دی جائے۔