بھارتی ساحل کے قریب خطرناک کیمیکل لے جانے والا جہاز سمندر میں ڈوب گیا

بھارتی ساحل کے قریب خطرناک کیمیکل لے جانے والا جہاز سمندر میں ڈوب گیا

بھارت کے ساحل کے قریب ایک خطرناک کیمیکل لے جانے والا بحری جہاز ڈوب گیا ہے۔ یہ واقعہ جنوبی بھارتی ریاست کیرالا کے قریب سمندر میں پیش آیا، جہاں لائبیریا سے تعلق رکھنے والا بحری جہاز ایم ایس سی ایلسا غرق ہوگیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ڈوبنے والے جہاز میں کل 640 کنٹینرز موجود تھے جن میں سے 12 کنٹینرز میں کیلشیم کاربائیڈ رکھا ہوا تھا، جو ایک انتہائی خطرناک کیمیکل ہے۔ کیلشیم کاربائیڈ پانی سے مل کر ایس گیس پیدا کرتا ہے، جو دھماکہ خیز ہونے کے ساتھ آگ بھی بھڑکا سکتا ہے، اس لیے اس کا سمندر میں گرنا شدید تشویش کا باعث ہے۔جہاز کے عملے میں کل 24 افراد شامل تھے جنہیں بحفاظت بچالیا گیا ہے۔ عملے کے ارکان روس، یوکرین، جارجیا، اور فلپائن کی شہریت رکھتے ہیں۔بھارتی وزارتِ دفاع کے مطابق، ایم ایس سی ایلسا کی لمبائی 184 میٹر تھی اور یہ کوچی سے وزیجم پورٹ کی جانب جا رہا تھا۔

جہاز میں 84 میٹرک ٹن ڈیزل اور 367 میٹرک ٹن فرنس آئل بھی موجود تھے، جو آبی حیات اور سمندری ماحول کے لیے انتہائی نقصان دہ ہیں۔ اس حادثے کے باعث سمندری ماحولیاتی آلودگی کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔مقامی حکام اور ماحولیاتی ادارے صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور سمندری آلودگی کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کر رہے ہیں تاکہ ماحولیاتی نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔