امریکا نے وینزویلا کے ساحل کے قریب ایک اور تیل بردار جہاز کا تعاقب شروع کر دیا ہے، یہ گزشتہ دو دنوں میں دوسرا اور دو ہفتوں سے بھی کم عرصے میں تیسرا اقدام ہے۔
امریکی حکام کے مطابق کوسٹ گارڈز اس تیل بردار جہاز کا مسلسل پیچھا کر رہے ہیں اور اس پر قبضہ کرنے کی کوشش میں ہیں، جو کہ وینزویلا کے "ڈارک فلیٹ" کا حصہ ہے۔ یہ جہاز امریکی پابندیوں سے بچنے کے لیے خفیہ طور پر تیل کی غیر قانونی ترسیل میں ملوث ہو سکتا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ امریکہ وینزویلا پر عائد پابندیوں کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے ایسے جہازوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے، جو غیر قانونی تیل کی ترسیل کے لیے سرگرم ہیں۔ گزشتہ روز بھی ایک تیل بردار جہاز کو قبضے میں لیا گیا تھا۔ وینزویلا کی جانب سے امریکی اقدام پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم وہ امریکہ پر اپنے تیل کے وسائل چرانے کا الزام عائد کرتا رہا ہے۔ اس تازہ کارروائی سے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا ہے، جس سے خطے میں جاری سیاسی اور اقتصادی تناؤ مزید بڑھ گیا ہے۔