پھوکت : بھارتی سرکاری ایئرلائن ایئر انڈیا کی پرواز AI-379 نے بم کی مبینہ دھمکی ملنے پر تھائی لینڈ کے معروف سیاحتی مقام پھوکت کے ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کی۔
یہ پرواز تھائی جزیرے پھوکت سے دہلی کے لیے روانہ ہوئی تھی۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق، پھوکت ایئرپورٹ حکام نے بتایا کہ پرواز کو لینڈنگ کے فوراً بعد ایئرپورٹ پر روک لیا گیا اور تمام مسافروں کو بحفاظت طیارے سے اتار لیا گیا۔ایئرپورٹ ذرائع نے بتایا کہ طیارے کی مکمل تلاشی لی گئی، تاہم دھمکی کے باوجود کوئی دھماکہ خیز مواد برآمد نہیں ہوا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، پرواز کے ایک مسافر کو ایک دھمکی آمیز نوٹ ملا تھا، جس کے بعد عملے نے فوری طور پر ایمرجنسی لینڈنگ کی درخواست کی۔تھائی سیکیورٹی ادارے طیارے کے مسافروں اور عملے سے تفتیش کر رہے ہیں، جبکہ طیارے کو کلیئر قرار دے دیا گیا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ دھمکی کی نوعیت اور اس کے پسِ منظر کا تعین کیا جا سکے۔