کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ نے شکست کی اصل وجہ بتادی، محمد عامر نے کیوں مایوس کیا؟

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ نے شکست کی اصل وجہ بتادی، محمد عامر نے کیوں مایوس کیا؟

لاہور: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ معین خان نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے فائنل میں شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو شاندار جیت پر مبارکباد دی اور ٹیم کی کارکردگی پر تفصیلی تبصرہ کیا۔

 معین خان نے کہا کہ لاہور نے ایک مشکل ہدف حاصل کیا جو واقعی بڑی کامیابی ہے، جبکہ سکندر رضا اور کوشال پریرا کی اننگز نے میچ کا رخ موڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی خوبصورتی یہی ہے کہ میچ کسی بھی وقت پلٹ سکتا ہے۔معین خان نے ٹیم کی مجموعی کارکردگی کو مثبت قرار دیتے ہوئے خاص طور پر حسن نواز کی متاثر کن کارکردگی کی تعریف کی اور کہا کہ ہر کھلاڑی نے بھرپور محنت کی ہے۔ تاہم، انہوں نے اعتراف کیا کہ فائنل میں محمد عامر کی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی، اور کہا کہ وسیم جونیئر کی غیر موجودگی ٹیم کے لیے بڑا نقصان تھی کیونکہ وہ سائڈ سٹرین کی وجہ سے میچ میں حصہ نہیں لے سکے۔

ہیڈ کوچ نے سکندر رضا کی محنت اور پیشہ ورانہ رویے کو بھی سراہا کہ انہوں نے ٹیسٹ میچ کھیل کر بھی پی ایس ایل فائنل میں حصہ لیا، جو قابلِ تعریف ہے۔ معین خان نے کہا کہ جیت اور ہار کھیل کا حصہ ہیں اور شائقین و کھلاڑیوں کو اس دباؤ میں ہار نہیں ماننی چاہیے بلکہ کھیل کا لطف اٹھانا چاہیے۔آخر میں انہوں نے پاکستان کرکٹ کے لیے شائقین کی بڑی تعداد میں اسٹیڈیم آنا مثبت علامت قرار دی اور کہا کہ پی ایس ایل 10 ختم ہو چکا ہے اور ٹیم اگلے سیزن کے لیے بہتر حکمت عملی اور منصوبہ بندی کے ساتھ تیار ہوگی تاکہ اپنی کمزوریوں پر قابو پایا جا سکے۔