کراچی(خصوصی رپورٹ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے مصطفی کمال جس دن مناظرے کا کہیں، میں تیار ہوں۔ شہر قائد کے شادمان ٹاؤن میں مرتضیٰ وہاب نے پارک اور آئی ٹی سینٹر کی بحالی کے منصوبے کا افتتاح کردیا، منصوبہ ایک کروڑ 45 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اْن کا کہنا تھا کہ شادمان ٹاؤن میں کچرے کے ڈھیر کو پارک میں تبدیل کردیا گیا ہے، ایک ایکڑ سے زائد رقبے پر قائم پارک کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے، اب کراچی میں کام ہوتا ہوا نظر آرہا ہے، شہر کا انفرااسٹرکچر بہتر ہورہا ہے اور شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا مصطفیٰ کمال ٹھنڈے کمرے میں بیٹھ کر پریس کانفرنس کرتے ہیں، وہ ہفتے میں صرف ایک دن کراچی آتے ہیں۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ انہیں اپنے مخالفین سے حمایت کی توقع نہیں، جمہوریت کی تاریخ اٹھا کر دیکھ لیں، مخالفت ہوتی ہے، کراچی والے بوری بند ہڑتالوں اور تشدد والا کراچی نہیں چاہتے، اب پہیہ جام نہیں چلے گا۔