213 میٹر بلند مہمند ڈیم کے دوسرے فیز کا افتتاح

مہمند (آئی این پی )پاکستان کے آبی ذخائر کی تاریخ میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور،وفاقی وزیر آبی وسائل محمد معین وٹو نے213 میٹر بلند مہمند ڈیم کے دوسرے فیز کا افتتاح کر دیا۔ یہ ڈیم دنیا کا پانچواں بڑا کانکریٹ فیسڈ راک فل ڈیم ہے، جو نہ صرف توانائی کے بحران میں کمی لانے میں مددگار ہوگا بل کہ زرعی اور شہری ضروریات بھی پوری کرے گا۔واپڈا حکام کے مطابق 760میٹر طویل مہمند ڈیم کی تعمیر پر مجموعی طور پر 309 ارب روپے لاگت آئی ہے۔ ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت 1.29 ملین ایکڑ فٹ ہے، جب کہ اس سے سالانہ 2407 میگاواٹ بجلی پیدا کی جائے گی، جو ملک کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ڈیم کی بدولت نہ صرف 18 ہزار ایکڑ سے زائد اراضی کو سیراب کیا جا سکے گا، پشاور شہر کو روزانہ 300 ملین گیلن پینے کا صاف پانی مہیا ہوگا۔