سنگل فیز کنکشن کیلئے ڈیمانڈ نوٹس 10 ہزار سے بڑھا کر 21 ہزار تک کرنے کا فیصلہ، اے ایم آئی میٹرز کی قیمت 16 ہزار تک جا پہنچی، صارفین پر اضافی مالی بوجھ متوقع
لاہور (زیڈ این این) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے سنگل فیز میٹر کے لیے ڈیمانڈ نوٹس کی قیمت میں نمایاں اضافے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ کمپنی ذرائع کے مطابق سنگل فیز کنکشن کے حصول کے لیے ڈیمانڈ نوٹس کی قیمت میں 11 ہزار روپے تک کا اضافہ متوقع ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عام سنگل فیز میٹر کی قیمت 5 ہزار روپے تک مقرر کی گئی ہے جبکہ اے ایم آئی سنگل فیز میٹر کی قیمت 16 ہزار روپے تک ہو گی، جس کے باعث نئے کنکشن حاصل کرنے والے صارفین کو اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑیں گے۔واضح رہے کہ وزارتِ پاور ڈویژن نے تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں سٹیٹک میٹرز کی تنصیب پر پابندی عائد کر دی ہے جس کے بعد لیسکو رواں مالی سال کے دوران صرف اے ایم آئی میٹرز خریدنے کی پابند ہو گی۔اس پالیسی کے تحت ڈیمانڈ نوٹس کی قیمتوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے۔ لیسکو کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ اے ایم آئی ٹیکنالوجی پر مبنی میٹرز کی تنصیب سے بجلی کی چوری روکنے اور بلنگ نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔قبل ازیں تھری فیز میٹرز کے ڈیمانڈ نوٹس کی قیمت میں 50 ہزار روپے تک کا اضافہ کیا جا چکا ہے۔