حکومت کا سرکاری پاور پلانٹس کی نجکاری کے بعد ملازمین کی منتقلی کا منصوبہ تیار

اسلام آباد(آئی این پی )حکومت کی جانب سے سرکاری پاور پلانٹس کی نجکاری کے بعد ملازمین کی منتقلی کا منصوبہ تیار کرلیا گیا ہے۔میڈیارپو رٹ کے مطابق حکومت نے اپنی تمام سرکاری پیداواری کمپنیوں کے پاور پلانٹس کو فروخت کے لیے پیش کر دیا ہے، جن کی تعداد 29ہے اور جن کی پیداواری صلاحیت چار ہزار میگاواٹ سے زائد ہے، ان پاور پلانٹس کی مجموعی ریزرو قیمت 40ارب روپے مقرر کی گئی ہے۔ دستاویزات کے مطابق سرکاری پیداواری کمپنیوں اور پاور پلانٹس میں کل ملازمین کی تعداد چھ ہزار سے زائد ہے، جن میں سے کچھ ملازمین کو مستقبل میں سرکاری تقسیم کمپنیوں (ڈسکوز) میں منتقل کیا جائے گا۔دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ کل 1127ملازمین کو مختلف سرکاری تقسیم کمپنیوں میں تقسیم کیا جائے گا، جن میں حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی میں 259، سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی میں 159، میپکو میں 309، لیسکو میں 55، فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی میں 97، گیپکو میں 23، کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی میں 22 ملازمین شامل ہیں۔اسی طرح آئیسکو میں 54، پیسکو میں 40، ٹیسکو میں 1 اور ہزارہ میں 4 ملازمین کو بھی سرکاری تقسیم کمپنیوں میں منتقل کیا جائے گا۔