رحیم یار خان:25لاکھ روپے انعام والا ڈاکو گرفتار، ڈاکوئوں کی پناہ گاہیں نذر آتش

 ڈاکو شاہنوازمتعدد سنگین جرائم، پولیس پر حملوں، قتل، اقدام قتل اور اغواء برائے تاوان کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ
 پنجاب پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریگی،آئی جی کی پولیس ٹیم کو مبارکباد
رحیم یار خان(آئی این پی )پنجاب پولیس نے رحیم یار خان کے کچہ علاقے میں ایک کامیابی کے دوران25 لاکھ روپے ہیڈ منی والا خطرناک ڈاکو شاہنواز کو گرفتار کر لیا ۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق یہ گرفتاری ڈی پی او عرفان علی سموں کی قیادت میں کیے گئے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران عمل میں آئی۔پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم متعدد سنگین جرائم بشمول پولیس پر حملوں، قتل، اقدام قتل، اور اغوا برائے تاوان کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے۔ حکومتِ پنجاب نے مذکورہ ڈاکو کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔آپریشن کے دوران پولیس نے ڈاکوں کی پناہ گاہوں کو نذر آتش کر دیا، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن بدستور جاری ہے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے خطرناک ڈاکو کی گرفتاری پر ڈی پی او عرفان علی سموں اور ان کی ٹیم کو سراہتے ہوئے مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔