منیر کے سر کی قیمت 50لاکھ مقرر تھی،کچہ میں 65ڈاکو ہلاک ہوچکے
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس رحیم یار خان اور ملٹری انٹیلیجنس نے مشترکہ کارروائی کے دوران ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے کوش گینگ کے انتہائی مطلوب بدنام زمانہ ڈاکو منیر عرف منی کوش کو سرنڈر کروا لیا۔ یاد رہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے خطرناک ڈاکو منیر عرف منی کوش کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔ مسلسل دباؤ، مؤثر حکمت عملی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مربوط کارروائیوں کے نتیجے میں ملزم ہتھیار ڈال کر خود کو قانون کے حوالے کرنے پر مجبور ہواڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں نے بتایا کہ کچہ آپریشن کے دوران اب تک 65 خطرناک ڈاکو ہلاک، 99 زخمی حالت میں گرفتار جبکہ 283 ڈاکو سرنڈر کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچہ کے آخری ڈاکو کی گرفتاری یا سرنڈر تک بلا تعطل آپریشن جاری رہے گا اور ریاستی رٹ ہر صورت قائم کی جائے گی۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے خطرناک ڈاکو کے سرنڈر پر رحیم یار خان پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کچہ کریمنلز کے خلاف کامیاب کارروائیاں جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔