سعودی عرب پر حملے ناقابل قبول ہیں شہبازشریف
یہ حملے خطے کے امن و استحکام کے لئے سنگین خطرہ ہیں، پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور تحفظ کیلئے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان برادر ملک سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا ہے
پاکستان خطے میں امن، استحکام، سلامتی اور باہمی افہام و تفہیم کیلئے ہر مخلصانہ کوشش کی حمایت جاری رکھے گا،نوجوان پاکستان کا قیمتی قومی اثاثہ ہیں، ہنرمندی ہی ترقی اور خوشحالی کی حقیقی ضمانت ہے
اسلام آباد(آئی این پی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر حملے ناقابلِ قبول ہیں، یہ حملے خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور تحفظ کے لیے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام، سلامتی اور باہمی افہام و تفہیم کے لیے ہر مخلصانہ کوشش کی حمایت جاری رکھے گا۔دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت کیش لیس معیشت اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان کی معیشت کو ڈیجیٹل ادائیگیوں پر مبنی کیش لیس نظام میں تبدیل کرنے کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔شہباز شریف نے اس سلسلے میں معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت کو کیش لیس نظام پر منتقل کرنے سے پائیدار معاشی ترقی ہوگی اور شفافیت کو فروغ ملے گا۔ وزیراعظم نے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے لیے کیو آر کوڈ استعمال کرنے والے فعال مرچنٹس کی تعداد میں ایک سال کے دوران 300 فیصد اضافے پر معاشی ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ہدایت کی کہ مرچنٹس کو کیو آر کوڈ کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے آگاہی مہم کو مزید مثر بنایا جائے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 15 جولائی 2026 کو منائے جانے والے عالمی یومِ نوجوانانِ ہنرمندی و پیشہ ورانہ مہارت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان اپنے نوجوانوں کی صلاحیتوں، عزم اور استعداد کو قومی ترقی کا سب سے قیمتی سرمایہ سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور تیزی سے بدلتی عالمی معیشت کے دور میں عالمی معیار کی مہارتیں ہی نوجوانوں کی کامیابی اور ملک کی معاشی خوشحالی کی بنیاد ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ پاکستان آج دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ مل کر نوجوانوں کی ہنرمندی اور پیشہ ورانہ مہارت کے عالمی دن پر نوجوانوں کی صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے