اسرائیلی فضائی حملے: ایران کے 6 ہوائی اڈے تباہ، پاسداران انقلاب کے 10 اہلکار شہید

اسرائیلی فضائی حملے: ایران کے 6 ہوائی اڈے تباہ، پاسداران انقلاب کے 10 اہلکار شہید

ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں میں ایران کے صوبہ یزد میں پاسداران انقلاب (IRGC) کے کم از کم 10 اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

یہ حملے اتوار کے روز کیے گئے اور انہیں 13 جون سے جاری اسرائیلی کارروائیوں کا تسلسل قرار دیا جا رہا ہے۔اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری علیحدہ بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ان فضائی حملوں میں ایران کے مغرب، مشرق اور وسطی علاقوں میں واقع کم از کم چھ ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیل کے عبرانی زبان میں جاری کردہ سوشل میڈیا پیغام میں بتایا گیا کہ ان حملوں کے دوران ایران کے 15 جنگی طیارے اور ہیلی کاپٹر تباہ کیے گئے۔اسرائیلی فوجی ذرائع کے مطابق نشانہ بنائے گئے مقامات میں مہرآباد، مشہد اور دزفول کے ہوائی اڈے شامل ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ رن وے، زیرزمین بنکرز، ایندھن فراہم کرنے والے جہاز، اور ایران کی فضائیہ کے F-14، F-5 اور AH-1 جنگی طیارے بھی تباہ کیے گئے۔فوجی ترجمان کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد ایران کی فضائی طاقت کو محدود کرنا اور اس کی پروازوں کی صلاحیت کو مفلوج بنانا ہے۔ بیان میں کہا گیا:"اسرائیلی فضائیہ نے ایرانی فوج کی فضائی صلاحیت اور ہوائی اڈوں سے اڑان بھرنے کی اہلیت کو شدید متاثر کیا ہے۔"ایران کی جانب سے تاحال سرکاری سطح پر ان حملوں پر کوئی تفصیلی ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم پاسداران انقلاب سے وابستہ ذرائع نے جانی نقصان کی تصدیق کی ہے۔ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی نے عالمی سطح پر بھی تشویش کو جنم دیا ہے، اور مختلف ممالک صورتحال کو قریب سے مانیٹر کر رہے ہیں۔