وزیراعظم شہباز شریف نے ایوان صدر میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جس میں خطے کی موجودہ کشیدہ صورتحال اور مشرق وسطیٰ میں امن قائم کرانے کے لیے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے صدر کو حالیہ سفارتی اقدامات اور مشرق وسطیٰ میں ممکنہ مذاکرات کی تیاری سے آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ ملکی سلامتی، اقتصادی صورتحال، سیاسی ماحول اور باہمی دلچسپی کے دیگر اہم امور پر بھی تفصیلی مشاورت ہوئی۔صدر زرداری نے ملاقات میں ثالثی کے عمل کی اہمیت اور ملکی مفاد میں یکجہتی کے پیغام پر زور دیا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان خطے میں امن قائم کرنے اور ملکی استحکام کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گا۔