لاہور ہائیکورٹ میں فراڈ کے ملزم علی امیر کی درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران چیف جسٹس عالیہ نیلم نے پولیس کی کارکردگی پر سخت تحفظات کا اظہار کیا۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ملزم کو عدالت میں کیوں پیش نہیں کیا گیا اور کہا کہ پی ایس ایل میچز کی وجہ سے پولیس کی عیاشیاں شروع ہو گئی ہیں۔عدالت نے چیف سیکرٹری پنجاب اور ہوم سیکرٹری کو فوری طلب کر لیا۔دلائل کے دوران وکیل مدعی اعجاز بھٹی نے کہا کہ علی امیر کے خلاف لیاقت آباد میں مقدمہ درج ہے، اور ملزم نے مدعی کی 4 کروڑ روپے کی پراپرٹی ہتھیا لی۔درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ عدالت نے درخواست ضمانت پر روزانہ کیس ٹرائل کا حکم دیا، لیکن پی ایس ایل میچز کی وجہ سے سیکیورٹی بنیاد پر ملزم کو عدالت پیش نہیں کیا جاتا، جس سے ٹرائل تاخیر کا شکار ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت ملزم کی رہائی کی درخواست ضمانت منظور کرے۔