امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے اسلام آباد میں ایک تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ ریاست کو ٹیکس جمع کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کو امن بھی فراہم کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے پیسوں سے حکمران عیاشیاں کر رہے ہیں اور عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہیں۔حافظ نعیم الرحمٰن نے خاص طور پر کراچی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں گٹر میں بچے گر جاتے ہیں، اور حکومتی دعووں کے برعکس صرف گٹر پر ڈھکن لگانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ انہوں نے سوال کیا کہ کراچی کو اس کا حق کون دے گا اور کہا کہ ہم گٹروں پر ڈھکن لگا لیں گے، مگر اصل مسئلہ حل کرنے کے لیے حکومت کو عملی اقدامات کرنے چاہئیں۔
انہوں نے سیاسی آزادی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ پُرامن سیاسی مزاحمت جاری رکھیں گے اور احتجاج ہمارا آئینی حق ہے جس پر کسی پابندی نہیں ہونی چاہیے۔ حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں میڈیا پر بھی پابندیاں لگائی جا رہی ہیں اور اس پر سخت کنٹرول ہے، جس سے عوام کا حقِ اطلاع محدود ہوتا جا رہا ہے۔